اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے مسلم امہ کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں ،سپیکروڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی


اسلام آباد(صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے کہا ہے کہ اپنی صفوں میں اتحاد قائم کر کے ہی ہم امت مسلمہ کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں،ہمیں اسلامی سال نو کے موقع پر پاکستان کو نئے عزم اور ولولے کے ساتھ آگے بڑھانا اور اسلامی روایات پر بہتر طریقے سے عمل پیرا ہو کر اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنا ہو گا ، اس سال نو کے موقع پر پوری مسلم دنیا کو فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے اسلامی سال کے پہلے مہینے محرم الحرام 1446 ہجری کے آغاز کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا۔ سپیکر نے کہا کہ یہ ماہ مقدس ہمیں شہدائے کربلا اور خلیفہ ثانی حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی عظیم شہادتوں کی یاد دلاتا ہے،خلیفہ ثانی حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اپنی فہم و فراست کے ذریعے دین اسلام کو عروج تک پہنچایا، حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اپنے دور حکومت میں قانون کی حکمرانی کی وہ اعلیٰ مثال قائم کی جس کے آج غیر مسلم بھی معترف ہیں۔

سپیکر نے کہا کہ شہدائے کربلا نے حق اور سچ کے لئے جو عظیم قربانی دی اس کی پیروی کر کے ہم دنیا میں امن قائم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانی سے ہمیں ایثار اور صبر و استقامت کا درس حاصل ہوتا ہے، اسلام امن ،محبت اور برداشت کا مذہب ہے اور فرقہ واریت انتہا پسندی او ر تعصب کی نفی کرتا ہے۔ انہو ں نے علما کرام اور مذہبی سکالرز کو مختلف فرقوں کے مسلمانوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو پھیلانے کے لیے کہا۔

سپیکر نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور فرقہ پرستی کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی اختلافات کو بھلا کر ایک جامع حکمت عملی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین پر جاری اسرائیلی مظالم کی روک تھام کے لئے تمام مسلم ممالک کو یکجا ہو کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے جس کے باعث ہزاروں بے گناہ، معصوم بچے، عورتیں اور بزرگ شہری اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں اور ہزاروں بے گھر ہو گئے ہیں حتی کہ ظالم اسرائیلی فوج نے ہسپتالوں تک کو اپنی ظلم و جارحیت کا نشانہ بنا کر دنیا میں ظلم کی نئی داستان رقم کی ہے۔اسرائیل فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب پایا گیا ہے۔فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اقوام عالم کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ماہ ہمیں شہدائے کربلا کی ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے اسلام کی خاطر پیش کیں۔ انہوں نے مسلم امہ کو صبر، برداشت اور آپس میں بھائی چارے کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔