چیئرمین سینٹ۔اسپیکر قومی اسمبلی کی برطانیہ کے نو منتخب وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر کو مبارکباد

اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق نے برطانیہ کے نو منتخب وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر کو مبارکباد دی ہے ۔ چیئرمین سینٹ نے تہنیتی پیغام میں  نئی برطانوی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیئر اسٹارمر کی جیت برطانوی عوام کا ان پر اور انکی پارٹی پر اعتماد کا مظہر ہے،  پاکستان  کے برطانیہ سے دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں،آنے والے وقتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی  تہنیتی پیغام میں برطانیہ کی نئی نو منتخب قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی تاریخی، دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پائے جاتے ہیں۔  انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین پارلیمانی سطح پر رابطوں کو بڑھانے سے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔  سپیکر نے اس امید کا اظہار کیا کہ برطانیہ کی نو منتخب حکومت اپنی عوام کی بہتری اور عالمی سطح پر درپیش چیلنجز کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ برطانیہ کے نو منتخب وزیراعظم اور ان حکومت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ نو منتخب وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر کومبارکبادپیش کی ہے۔