کینیڈین ہائی کمشنر کا چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں استقبالیہ

اسلام آباد (صباح نیوز)کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی سکینلن نے کینیڈین ہائی کمیشن اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، سیکورٹی اور ثقافتی تبادلوں میں تعاون بڑھانے اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی اور دیگر اعلی سطحی تبادلوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انھوں نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اعلی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ وفود کے تبادلوں سے دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے میں مدد ملے گی۔

ملاقات میں افغان مہاجرین کا معاملہ بھی زیر غور آیا ۔ جبکہ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی ترقی میں اقلیتی برادریوں کے فعال کردار کو بھی سراہا۔ ویزہ کے عمل کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے درخواست گزاروں کی سہولت کے لیے پروسیسنگ اور اجرا کے نظام کو تیز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے تعلیم کے شعبے میں کینیڈا کے تعاون کو سراہتے ہوئے خواتین کے لیے مخصوص وظائف متعارف کرانے کی تجویز بھی دی تاکہ خواتین کو کینیڈا کی معروف یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع مل سکیں۔ چیئرمین سینیٹ نے تجارتی اور کاروباری روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی طور پر خوشگوار تعلقات رہے ہیں، مختلف شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔