وزیراعظم محمد شہباز شریف دوشنبہ سے قازقستان روانہ


دوشنبہ (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف دوشنبہ سے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ کے لئے روانہ ہو گئے  وزیر اعظم پاکستان، محمد شہباز شریف 3 اور 4 جولائی 2024 کو آستانہ، قازقستان میں شنگھائی تعاون تنظیم  کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ   کے  اجلاس اور ایس سی او پلس کے سربراہی اجلاس میں شرکت کرینگے ۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر سینئر ارکان اور اعلی سرکاری افسران بھی ہوں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کے اجلاس میں وزیر اعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر پیش کریں گے ۔ وزیر اعظم ایس سی او پلس سمٹ سے بھی خطاب کریں گے،وزیراعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کریں گے۔ وزیراعظم ایس سی او خطے کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے شنگھائی تعاون تنظیم تنظیم کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔وزیراعظم سربراہی اجلاس کے موقع پر شریک رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی روس کے صدر ولادیمیر پوٹن ، ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے ملاقاتیں متوقع ہیں ، پاکستان ،ترکیہ اور آذربائیجان کے مابین سہ فریقی بات چیت کا دور کا دور ہو گا جس میں وزیراعظم کی شرکت بھی متوقع ہے۔وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان کے اعزاز میں قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیوف کی جانب سے دیئے جانے والے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔