حکومت پنجاب کا لاہور، دیگر شہروں میں الیکٹرک اور ہائبرڈ بسیں چلانے کا اعلان

لاہور (صباح نیوز)پنجاب اسمبلی میں حکومت نے رواں سال نومبر ۔ دسمبر میں لاہور اور دیگر شہروں میں الیکٹرک اور ہائبرڈ بسیں چلانے کا اعلان کردیا۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ کی زیر صدارت ہوا، جس کے وقفہ سوالات میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ایوان کو بتایا کہ لاہور میں رواں سال نومبر ۔ دسمبر میں 27 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر ہوں گی، دیگر اضلاع میں ہائبرڈ بسیں بھی چلائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہی نہیں پنجاب کے بڑے شہروں میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام متعارف کروایا ہے۔

اپوزیشن کے رکن بریگیڈیئر ریٹائرڈ مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ لاہور کے علاوہ تمام شہر ٹرانسپورٹ کی سہولت سے محروم ہیں، صوبائی فنانس کا تمام پیسہ لاہور پر خرچ کیاجا رہا ہے۔ایوان میں وزیر ٹرانسپورٹ اور اعجاز شفیع میں تلخ جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔اپوزیشن رکن کا کہنا تھا کہ ان کو ہمارے تین سال کی بہت تکلیف ہے، خود چالیس سال سے صوبے پر مسلط ہیں۔

ایوان میں اپوزیشن رکن اویس ورک، رانا آفتاب احمد خان اور حافظ فرحت عباس کے پولیس کے حوالے سے متعدد توجہ دلا نوٹسز میں پولیس کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔وزیر پارلیمانی امور مجتبی شجاع الرحمن نے پنجاب انفارمیشن کمیشن اور پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹس ایوان میں پیش کیں۔ایجنڈا مکمل ہونے پر ڈپٹی اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے اجلاس جمعہ کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا۔۔