اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع کو صرف اندرونی خطرات ہیں، ہم اگر اپنا گھر درست کرلیں تو کسی طرف سے کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں لیکن ان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہورہی ہے۔ خواجہ آصف نے کہاکہ امریکہ کی طرف سے میزائل پروگرام پر پابندی سے کوئی فرق نہیں پڑیگا کیونکہ کوئی ہمیں اپنے دفاع سے نہیں روک سکتا، ہم نے ماضی میں بھی مختلف چیلنجز کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ میں حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا مخالف نہیں ہوں، ہمارے مخالفین کو چاہیے کہ سیاسی لڑائی سیاست سے لڑیں لیکن ریاست پر حملہ آور نہ ہوں۔ وزیر دفاع نے کہاکہ 9مئی اور 26نومبر کو ریاست کے گریبان پر ہاتھ ڈالا گیا، ہمارے بھی اسٹیبلشمنٹ سے اختلافات رہے لیکن کبھی ریاست مخالف اقدام نہیں اٹھایا۔انہوں نے کہاکہ 9مئی کو جن لوگوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کیے ان کی فوٹیج آچکی ہیں، تحریک انصاف بات چیت میں اپنے 2مطالبات سے پیچھے ہٹ چکی ہے۔خواجہ آصف نے کہاکہ حکومت ملکی معیشت کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے، اور انہی کی بدولت مہنگائی 38 فیصد سے 4فیصد پر آچکی ہے۔