وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف اور قائد محمد نواز شریف کامیو ہسپتال چلڈرن ایمرجنسی بلاک کا دورہ

لاہور (صباح نیوز)وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف اور قائد محمد نواز شریف میو ہسپتال چلڈرن ایمرجنسی بلاک پہنچ گئے ،وزیراعلی مریم نوازشریف اور قائد محمد نواز شریف نے چائلڈ ایمرجنسی  کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ،اور ٹرائیج ایریا میں مریض بچوں کے والدین سے بات چیت کی جبکہ سٹیپ ڈاؤن ایریا، نرسنگ روم،نیو نیٹل بلاک فارمیسی کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر وزیراعلی مریم نوازشریف اور قائد محمد نواز شریف کو چائلڈ لا ئف فاونڈیشن کے زیر اہتمام ایمرجنسی بلاک کے بارے میں بریفنگ دی گئی،چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کی ایڈمنسٹریٹر بشری عباس نے مریض کے داخلے،تشخیص اور علاج کے طریقہ کار سے آگاہ کیا ۔

وزیراعلی اور قائد مسلم لیگ نے والدین سے بات چیت کی اورتجاویز سنیں ۔وزیراعلی نے میو ایمرجنسی وارڈ کے وزٹ کے فورا بعد میٹنگ طلب کر لی جس کی صدارت وزیراعلی مریم نواز اور قائد محمد نواز شریف نے کی ۔اجلاس میں پنجاب بھر میں چائلڈ ایمرجنسی کی بہتری کے لئے باالخصوص  پنجاب کے ہسپتالوں میں او پی ڈی رات دس بجے تک کرنے کی تجویز کا جائزہ  لیا گیا۔وزیر اعلی نے ہسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے سی ای او احسن ربانی نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔بریفنگ میں کہا گیا کہ پنجاب کے کسی بچے کو کوالٹی ایمرجنسی سے 30 منٹ سے زیادہ دور نہیں ہونا چاہیے،ہر چائلڈ ایمرجنسی میں تیز ترین آٹو میشن سسٹم سے مریض بچے کی جان بچائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 153 ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈ میں ٹیلی میڈیسن پروگرام فنکشنل ہوچکا ہے،کراچی،اسلام آباد اور لاہور میں ٹیلی میڈیسن کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے 18 ہسپتالوں میں جدید ترین چائلڈ ایمرجنسی بلاک قائم ہوں گے۔ اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ سرکاری دفاتر اور ہسپتالوں میں ورک ایتھکس کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے،ہسپتالوں خاص طور پر ایمرجنسی میں مانیٹرنگ کی ضرورت ہے۔

قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے کہا کہ سابق دور حکومت میں ہیلتھ سیکٹر کی تباہی میں کسر نہیں چھوڑی گئی،بہتر ین علاج ہر غریب آدمی کا حق ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ ماضی میں پرائیویٹائزیشن نہ ہوتی تو آج ہر شعبے میں انڈیا سے آگے ہوتے۔اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، وزیراطلاعات عظمی زاہد بخاری، صوبائی وزرا صحت خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، ایم این اے بلال اظہر کیانی، ڈاکٹر اظہر کیانی،ڈاکٹر عدنان خان، ڈاکٹر محمود ایاز اور دیگر بھی موجود تھے