سرگودھا (صباح نیوز)سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جامعہ قاسم العلوم سرگودھا میں تقریب تکمیل ختم بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قرآن وسنت کا نظام نافذ ہونے سے ہی تمام مسائل حل ہوں گے، جب تک یہ نظام نافذ نہیں ہو گا، تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان کے مقاصد ادھورے رہیںگے۔ ملک میں اسلامی نظام نافذ ہوتا تو یہ کبھی دولخت نہ ہوتا،اصل مسئلہ یہ ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی نہیں ہے، مراعات یافتہ اور اثرروسوخ رکھنے والے طبقات اپنے آپ کو آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک میں کرپشن روبروز بڑھ رہی ہے، عوام بنیادی ضروریات کو ترس رہے ہیں،ملک میں دس کروڑ سے زیادہ لوگ خطہ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، حکومت کے معیشت میں بہتری کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں، ملک کے مسائل کے ذمہ دار وہی ہیں جو باریاں لگا کر عرصہ دراز سے مستند اقتدار پر مسلط ہیں، یہ جاگیردار، وڈیرے، کرپٹ سرمایہ دار، اسٹیبلشمنٹ ہی ہے جس نے پاکستان کو موجودہ مسائل میں دھکیلا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دین کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، پاکستانی اس جدوجہد میں شامل ہوں اور ملک کو قائد اور اقبال کے ویژن کے مطابق اسلامی ریاست بنانے میں تحریک اسلامی کے ساتھ تعاون کریں۔