اڑان پاکستان منصوبے سے معیشت مضبوط ہوگی، احسن اقبال


نارووال(صباح نیوز) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ  احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے “اڑان پاکستان” کے نام سے ایک جامع ترقیاتی منصوبہ شروع کیا ہے۔ اگر ملک میں امن و استحکام برقرار رہا اور پالیسیوں کا تسلسل قائم رہا تو 2029 تک پاکستان دنیا کی تیز ترین ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل ہوگا۔

ریلوے اسٹیشن پرسڑک کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان منصوبے کے تحت پاکستان کے کسانوں کی آمدنی دوگنی ہوگی، معیشت مضبوط ہوگی، اور عوام کی زندگیوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔احسن اقبال نے  کہا کہ ہماری فوج سرحدوں کی محافظ ہے، لیکن اندرونی امن قائم رکھنا عوام کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی طاقت کو کمزور کرنے کی سازشیں ہمیشہ اندرونی خلفشار پیدا کر کے کی جاتی ہیں، لیکن پاکستان کے عوام کو متحد ہو کر ایسی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔وفاقی وزیر نے نارووال کی ترقی کو نواز شریف کی قیادت میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کا نتیجہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ 2008 میں نارووال پنجاب کے پسماندہ ترین اضلاع میں شمار ہوتا تھا، لیکن آج یہ تعلیم کے شعبے میں پاکستان کے اولین پانچ اضلاع میں شامل ہے۔ یہ کامیابی عوام کی محنت اور حکومت کے وژن کا ثمر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی ترقی کا سفر شروع ہوتا ہے، سازشوں کے ذریعے اس کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں اور ان عناصر کو مسترد کریں جو ملک کی ترقی میں خلل ڈالتے ہیں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستانی قوم محنتی اور ذہین ہے۔ ہمیں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا تاکہ دنیا میں پاکستان کا نام عزت و وقار کے ساتھ لیا جائے۔