پاکستان میں استحکام آچکا ، اب ہمیں آگے بڑھنا ہے،وزیراعظم

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں استحکام آچکا ہے اب ہمیں آگے بڑھنا ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف  نے کہا  کہ پوری قوم کو نیا سال مبارک ہو، دعا ہے پاکستان دنیا میں مضبوط معاشی ملک بن کر ابھرے ، اڑان پاکستان کے نام سے بہترین منصوبے کاآغاز ہوا،یہ منصوبہ ملک کیلئے نیک شگون ثابت ہو گا، یہ پروگرام پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ دعا ہے نیا سال پاکستان کے عوام کے لئے خوشیاں کاسال ہو،تمام ادارے مل کر ملک کی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معیشت کو مضبوط کرنا ہے تو ہمیں برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا،ہمیں پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم بنانا ہے،برآمدات میں اضافے کے بغیر ملک ٹیک آف نہیں کرسکے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ قومی خزانے میں 72ارب روپے کی محصولات بہترین کارکردگی کی مثال ہیں،دسمبر کے مہینے میں اہداف حاصل کرنے میں کامیابی ملی ہے،پاکستان میں استحکام آ چکا اب ہمیں آگے بڑھنا ہے،ملک میں بیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کراچی پورٹ گیا تو بریفنگ دی گئی ہم رئیل اسٹیٹ بنا رہے ہیں، افسوس ہوا کہ آپ کا کام پورٹ چلانا ہے یا رئیل اسٹیٹ کاروبار؟۔انہوںنے کہا کہ کراچی میں فیس لیس ٹیکنالوجی لگائی گئی ہے جس سے کاروباری حضرات کو 89فیصد ریلیف ملا۔ رواں مالی سال ترسیلات زر 15 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، یہی کارکردگی رہی تو ترسیلات 35 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کر لیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چینی کی سمگلنگ زیرو ہو چکی ہے، ہم نے سمگلنگ کو روک کر چینی کو برآمد کیا،

وزیراعظم چینی کی سمگلنگ روکنے کا کریڈٹ آرمی چیف اور ادارے کو دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ای گورننس پر تمام وزارتیں اقدامات کررہی ہیں،دیگروزارتیں بھی اپنے آپ کو جدید ٹیکنالوجی اور تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ دھرنوں کی سیاست کرنے والوں نے معیشت تباہ کی۔وزیراعظم نے وفاقی کابینہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9ماہ میں اقتصادی بہتری کی گواہی عام آدمی بھی دے رہا ہے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے،عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نیا سال پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی نویدلے کرآئے گا۔