اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کا مکمل صفایا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سب مل کر اس فتنے کا خاتمہ کریں گے،سوشل میڈیا پرپاکستان کے خلاف جو زہر اگلا جارہا ہے اسے روکنا ہوگا،پاکستان کے خلاف جو سازشیں کی جارہی ہیں ان میں ملوث عناصرکا پوری طرح علم ہے،جو یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں جائیں گی وہ بہت بڑی بھول میں ہیں۔
اپنی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اجلاس میں شریک وفاقی وزرا ،آرمی چیف، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی، چیف سیکریٹریز ، وزیراعظم آزاد کشمیر ، وزیر اعلی گلگت بلتستان اور اعلی حکام کا خیرمقدم کیا۔وزیراعظم نے شرکا کومبارکباد دی کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سلامتی کونسل میں ہماری ذمہ داریاں دوسال کے لئے ہیں،پاکستان اس حیثیت سے انٹرنیشنل ڈپلومیسی میں اپنی پوری استعداد کے ساتھ بھرپورکردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے سلامتی کونسل کا غیرمستقل ممبر بننے کیلئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کے لئے اپناسفارتی کرداراحسن طریقے سے نبھائے گا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ صوبوں میں سی ٹی ڈی کومضبوط کیا جارہا ہے ، پنجاب اس حوالے سے سب سے آگے ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کوجدید تربیت ، ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس کرنا ہوگا، میرٹ پر بھرتیاں کرنا ہوں گی۔ بالخصوص ایسے حالات میں جبکہ دشمن مذموم مقاصد کے لیے گھات لگائے بیٹھا ہے، یہ اقدامات انتہائی اہم ہیں۔خیبرپختونخوا میں خارجی گھس بیٹھیے ملک کے امن کے دشمن ہیں۔سرحد پار سے چند دن پہلے جو حملہ ہوا اس کا منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔بلوچستان میں پاکستان کے خلاف مختلف قسم کی سازشیں بنی جارہی ہیں ، ان میں ملوث خارجی ہاتھ کا پوری طرح سے علم ہے کہ کہاں کہاں سے ان کوسپورٹ مل رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا خواب تبھی شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے جب ہم سب مل کرچاروں صوبوں، وفاق، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرمیں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنائیں۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کا مکمل صفایا کرنے کا وقت آچکا ہے ، وفاق، صوبوں اوردفاعی اداروں کو مل کر مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی، پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے بطور وزیراعظم میری کوئی پسند یا نا پسند نہیں ، قومی مفاد سب سے بڑھ کرہے اورمجھے یقین ہے کہ تمام شرکا کی یہی سوچ ہے اگر اس سوچ کو عملی جامہ پہنایا جائے تو کوئی مشکل مشکل نہیں رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان سے باہر بیٹھے دوست نما دشمن اور ایجنٹ جو زہر اگل رہے ہیں اورجس طرح وہ پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں یہ بذات خود ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے، جھوٹ اورحقائق کومسخ کرکے پاکستان کے خلاف ماحول بنایا جارہا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پرگزشتہ دنوں جویلغار اورچڑھائی کی گئی اس کی آڑ میں جھوٹ کا طوفان اورحقائق کومسخ کرکے جس طرح کا پروپیگنڈہ کیا گیا اس کی حالیہ وقتوں میں نظیر نہیں ملتی، ا س کو کائونٹر نہ کیا گیا تو تمام کاوشیں رائیگاں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وفاق اقدامات کررہا ہے، صوبوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے اس امر پر افسوس کا اظہارکیا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کے دوران رینجر ز کے شہید جوانوں کے حوالے سے جھوٹی کہانیاں گھڑی گئیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جو لازوال قربانیاں دے رہے ہیں یہ رائیگاں نہیں جائیں گی ۔جوانہیں ضائع کرنا چاہتے ہیں وہ بہت بڑی بھول میں ہیں ۔ پاکستان قربانیوں کی بدولت قائم ودائم رہے گا ۔ہم مل کراس فتنے کا خاتمہ کریں گے اور پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے۔