جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ

اسلام آباد(صباح نیوز)جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے مدارس رجسٹریشن پر صوبوں میں قانون سازی کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کر دی۔جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور صوبوں میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے قانون سازی کے حوالے سے بات چیت کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم سے مدارس رجسٹریشن کے حوالے سے صوبوں میں قانون سازی کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی، جس پر شہباز شریف نے سربراہ جے یو آئی کو قانون سازی کے لیے حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے صوبوں میں قانون سازی کے لیے وزرائے اعلی سے رابطہ کروں گا۔یاد رہے کہ چند روز قبل صدر پاکستان آصف علی زرداری نے مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے سوسائٹی ایکٹ رجسٹریشن بل پر دستخط کیے تھے جس کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے بل کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا۔

نئے قانون کے مطابق مدارس کو یہ حق حاصل ہو گا کہ مدارس کو سوسائٹیز رجسٹریشن یا وزارت تعلیم کے تحت خود کو رجسٹر کرائیں۔قومی اسمبلی کے ترجمان کے مطابق سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی ایکٹ بل 20 اکتوبر کو سینیٹ اور 21 اکتوبر کو قومی اسمبلی سے منظور ہوا تھا، مدارس کی رجسٹریشن کا معاملہ باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا گیا ہے۔