ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے وفاقی سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے وفاقی سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان نے منگل کو یہاں ملاقات کی ۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو وزارت کی مجموعی کارکردگی، کام کے طریقہ کار اور شعبہ ابلاغ عامہ کے حوالے سے مرتب کی گئی حکمت عملی اور پالیسی کے متعلق آگاہ کیا ۔وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے نئے منصوبوں پر بھی ڈپٹی چیئرمین کو بریفنگ دی۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کیمطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نیبلوچستان کے نوجوان طبقے کے لیے بہترین معلوماتی پروگرام اور تخلیقی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے حوالے سے آگاہی مہم ترتیب دینے پر زور دیا۔ ملاقات میں پاکستان ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر ہونے والی ایوان بالا کے اجلاس کی کارروائی بھی زیر غور آئی۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان نے پاکستان ٹیلی ویژن کی ایوان بالا کی کوریج کے حوالے سے کاوشوں کو سراہا ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن ہمارا قومی اثاثہ ہے اور اس کے مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے ،پاکستان ٹیلی ویژن نے ہر دور میں عوام تک خبر رسانی کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو رافتادہ علاقوں کے لوگ جن مسائل کا شکار ہیں اس کے لیے پی ٹی وی ماہرین کی معاونت سے ایسے پروگرام مرتب کرے جن سے آگاہی پھیلے اور لوگوں کو مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھانے میں آسانی ہو۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کا نیٹ ورک پاکستان کے طول و عرض میں پھیلا ہوا ہے ،پی ٹی وی کی بدولت دور افتادہ علاقوں تک نشریاتی رابطوں کے ذریعے رسائی انتہائی آسان ہے ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفاقی سیکرٹری اطلاعات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔انہو ں نے کہا کہ ملک کی ثقافت اور علاقائی اقدار کو اجاگر کرنے اور اور آگاہی میں پی ٹی وی کا تاریخی طور پر بہت بڑا کردار رہا ہے،ہمیں اپنی نوجوان نسل کو ان اقدار اور روایات کے ساتھ جوڑنا ہے ۔