اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہاہے کہ صوبائی حکومتیں تمام مقامی اداروں کو انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023 کا پابند بنائے۔ جمعہ کو وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈ 2023 پر اہم ویڈیو پیغام جاری کیا۔ اویس لغاری نے کہاکہ ہم نے انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023 کے نفاذ پر وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور دیگر وزرا کو مراسلات لکھ دیے ہیں۔
ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر نے تمام وزرائے اعلی سے قوانین کے فوری نفاذ کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومتیں تمام مقامی اداروں کو ان قوانین کا پابند بنائے گرمیوں میں بجلی کی طلب 29 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے چند گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے بچنے کے لیے مہنگے پاور پلانٹس چلانا پڑتے ہیں، بلڈنگ کوڈز کے نفاذ سے توانائی کی بچت اور پیک ڈیمانڈ کی مینجمنٹ بہتر ہو سکے گی۔ تمام صوبائی حکومتوں سے اس معاملے میں تعاون اور ملک میں توانائی کی بچت کو یقینی بنانے کی درخواست ہے ۔