بانی پی ٹی آئی عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں سزا سنائی جائے گی، سلمان اکرم راجہ

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ماضی کے مقدمات کے ریکارڈ سے لگ رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں سزا سنائی جائے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران سلمان اکرم راجہ سے سوال کیا گیا کہ کیا عمران خان کو 6 جنوری کو سزا ہوجائے گی؟ جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی کے ریکارڈ سے تو یہی لگ رہا ہے کہ انہیں سزا سنائی جائے گی، اڈیالہ جیل میں عمران خان پر جو کیسز ٹرائل کورٹ میں چلائے گئے ہیں، ان میں ان کو سزا ہی سنائی گئی ہے، یہ الگ بات کی دوسری عدالتوں میں یہ سزائیں ختم ہوجاتی ہیں لیکن جیل میں ٹرائل کا مقصد یہی ہے کہ عمران خان کو سزا ہوجائے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں کچھ بھی نہیں ہے، سرکاری وکلا ء نے بھی مانا کہ اس کیس سے سرکاری خزانے کو نقصان نہیں ہوا ہے نہ عمران خان کو کوئی فائدہ ہوا، برطانیہ میں یہ ثابت ہی نہیں ہوا تھا کہ یہ پیسہ پاکستان کا ہے، اس کے باوجود یہ پیسہ پاکستان آیا اور ریاست پاکستان کے خزانے میں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف مقدمات میں عدالتی نظام کو استعمال کیا گیا ہے، خواہ وہ عدت کا مقدمہ ہو، سائفر کیس ہو یا توشہ خانہ کیس ہو، یہ تمام مقدمات کو عمران خان کو دبا ئومیں لانے کے لیے استعمال کیا گیا، لیکن عمران خان بالکل دبا ئو میں آنے والے نہیں ہیں۔