وفاقی وزیر خزانہ کی زیرصدارت ریمیٹ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کااجلاس

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کویہاں محصولات، سرمایہ کاری اور تجارت کے پروگرام (ریمیٹ) کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کا مقصد کمیٹی کے گزشتہ اجلاسوں میں کیے گئے ان فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لینا تھا،

جن کا تعلق محصولات میں اضافے، سرمایہ کاری کے ماحول، تجارت اور مجموعی معیشت سے ہے۔پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنرجین میریٹ ، کلیدی حکومتی وزارتوں بشمول وزارت منصوبہ بندی، وزارت خزانہ، وزارت تجارت، وزارت صنعت و پیداوار،سرمایہ کاری بورڈ، ایف بی آر اور ریمیٹ کے عملدرآمدی شراکت داروں عالمی بینک، جی سی ایس آئی اور اے ایس آئی کے سینئر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں مختلف شعبوں میں شراکت داروں کی جانب سے کی جانیوالی پیش رفت خاص طور پر معاشی استحکام کو مضبوط بنانے اور پائیدار اور جامع ترقی کے لیے موزوں حالات پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی اوراس ضمن میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔

اجلاس میں محصولات میں اضافہ، تجارت وسرمایہ کاری کے ماحول اور اقتصادی گورننس اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے پر خصوصی توجہ دی گئی ۔وزیرخزانہ نے پروگرام پر مجموعی پیش رفت کو سراہتے ہوئے عملدرآمد کرنے والے شراکت داروں کے درمیان مزید متحرک اور مربوط تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے انتظامی اور مانیٹرنگ ٹولز کے موثراستعمال کی ہدایت کی تاکہ پروگرام کے مقاصد کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر خزانہ نے پروگرام کی سرگرمیوں اور اہداف کی نگرانی کے لیے اپنی ذاتی وابستگی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پروگرام کو اس کے طے شدہ راستے پر گامزن رکھنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں۔۔