عمران خان کو جیل سے بنی گالا منتقل ہوجانے کی پیشکش ہوئی ہے، فیصل چوہدری کا انکشاف

راولپنڈی (صباح نیوز)بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کے مطابق انہیں بنی گالہ منتقل ہونے کی پیش کش ہوئی ہے تاہم انہوں نے کہہ دیا ہے کہ جب تک پارٹی کے تمام لیڈران و کارکنان بغیر ٹرائل رہا نہیں کیے جاتے وہ کہیں منتقل نہیں ہوں گے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کا وقت آ چکا ہے اور کوئی طاقت اس کو روک نہیں سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم خالد خورشید کی سزا کی بھی مذمت کی ہے۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کا فیصلہ بھی وہی ہوگا جو پہلے 4 مقدمات میں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی میں جوڈیشل کمیشن اور اسیران کی رہائی کا مطالبہ کر رہی ہے تاہم ایک طبقہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مذاکراتی کمیٹی کو آج کے اجلاس کے بعد عمران خان سے ملاقات کرنے دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ 2 جھوٹے کیسز کی سیریز میں سے ایک کیس ہے۔فیصل چوہدری نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی کم ہونے کا حکومت کا بیان مضحکہ خیز ہے۔