اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ امریکا پاکستان کابڑا تجارتی شراکت دار اور پاکستانی برآمدات کے حوالہ سے اہم ملک ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ سے ملاقات میں کہی۔ملاقات کا مقصد پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات خاص طور پر تجارت ، سرمایہ کاری، اور معاشی تعاون کے شعبوں میں پیش رفت کاجائزہ لیناتھا۔
ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا گیا اوراس بات اعتراف کیاگیا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑاتجارتی شراکت دار اور برآمدی منڈی ہے۔وزیرخزانہ اورامریکا میں پاکستان کے سفیرنے اقتصادی سفارتکاری کو مزید بڑھانے اور مشترکہ کاروباری منصوبوں اور معاشی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا عزم کااعادہ کیا۔
ملاقات میں بتایاگیا کہ ملک میں کلی معیشت مستحکم ہوچکی ہے، اہم معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے،وزیر خزانہ اور امریکا میں پاکستان کے سفیر دونوں نے ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا۔انہوں نے خاص طور پر پاکستانی تارکین وطن کو سرمایہ کاری کے لیے متحرک کرنے پر زور دیا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ امریکا میں موجودشراکت داروں اور پاکستانی کمیونٹی کو باقاعدہ طور پر معاشی اعداد و شمار سے آگاہ رکھا جائے گا تاکہ پاکستان کی ترقی کرتی ہوئی معیشت میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔۔