تہران (صباح نیوز) ایران کے دارلحکومت تہران میں 3 دہائیوں میں پہلی بار پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر اہم مقامات پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے پوسٹر آویزاں کیے گئے ہیں۔یہ اقدام تہران میں قائم اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کلچرل انسٹی ٹیوٹ(ای سی آئی) کی جانب سے منعقد کی جانے والی یادگاری تقریبات کے طور پر اٹھایا کیا گیا ہے۔ای سی آئی نے ایران کی اردو لینگویج اسٹوڈنٹ یونین اور تہران میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے ایک ہفتے تک جاری رہنے والی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ای سی آئی کے صدر اور پاکستانی مرخ سے سفارت کار بننے والے ڈاکٹر سعد ایس خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کی دور اندیش قیادت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلم کمیونٹی کو متحد کرنے اور اسے آزادی کی طرف رہنمائی کرنے میں محمد علی جناح کا کردار کلیدی رہا۔ڈاکٹر سعد ایس خان نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے قائد اعظم محمد علی جناح کی تعریف کا حوالہ بھی دیا، تقریب میں تہران میں پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن عصمت حسن سیال، تہران میں نائجر کے سفیر سیدو زتاو علی اور تاجکستان مشن کے نائب سربراہ سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر تہران یونیورسٹی کے پاکستان اسٹڈیز چیئر کے سربراہ ڈاکٹر زاہد منیر عامر، ڈاکٹر علی بیات، ڈاکٹر علی کاسی نژاد، ڈاکٹر راشد نقوی اور حسن نقوی نے بھی خطاب کیا۔ای سی آئی کی تقریبات میں اردو، ترکی اور فارسی میں مضامین کے مقابلے، قائد اعظم سے منسوب حب الوطنی کے نغموں کی پرفارمنس، قائد اعظم کی براہ راست خاکہ سازی اور علامہ محمد اقبال کے فلسفے پر دستاویزی فلم کی رونمائی شامل تھی۔ یہ تقریب ایران اور پاکستان کے درمیان پائیدار ثقافتی اور تاریخی تعلقات کی نشاندہی کرتی ہے اور بانی پاکستان کی دور اندیش قیادت کی یاد دلاتی ہے۔