دسمبر 2024ء میں مہنگائی کی شرح 4.1فیصد پر آنا خوش آئند ہے،محمد شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح 81ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر اطمینان کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2024ء میں مہنگائی کی شرح 4.1فیصد پر آنا خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے میکرو اکنامک استحکام حاصل کرلیا ہے لیکن یہ صرف آغاز ہے ۔ اُڑان پاکستان منصوبہ پاکستان کو دنیا کے صف اوّل کے ممالک کی صف میں کھڑا کر دے گا۔ حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے۔24سال بعد کرنٹ اکائونٹ سرپلس ہواہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ افراط زر38 فیصد سے کم ہو کر4.1 فیصد پر آگیا ہے اور سٹاک مارکیٹ بھی دنیا بھر میں دوسری بہترین مارکیٹ بن چکی ہے اور سال نو کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں مزید بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شرح سود22 فیصد سے کم ہو کر13 فیصدپر آگئی ہے۔ حکومتی کی بہترین معاشی پالیسیوں اور مالیاتی ٹیم کی محنت سے معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا احساس تھا اور عوام کی مشکلات میں کمی کیلئے دن رات کام کیا۔انشاء اللہ لوگوں کی زندگیوں میں مزید بہتری آئے گی ۔