ملک کے 41 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز


 اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ (صباح نیوز)ملک کے 41 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ۔مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 95 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

سات جولائی تک بلوچستان کے 16، خیبرپختونخوا کے 11، سندھ کے 8، پنجاب کے 5 اضلاع اور اسلام آباد کی مخصوص یونین کونسلز میں گھر گھر پولیو مہم چلائی جائے گی۔ بلوچستان میں پولیو کیسز کی تشخیص اور 40 سے زائد اضلاع کے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس سامنے آیا ہے، جس کی وجہ سے پولیو سے بچاؤ کی مہم کا آغاز کیا گیا ۔پولیو ویکسینیشن مہم 41 اضلاع میں چلائی جائے گی جس میں سے 11 اضلاع میں جزوی مہم ہوگی، خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ، پانچ روزہ انسدادِ پولیو مہم یکم سے 5 جولائی تک جاری رہے گی۔

انسداد پولیو مہم صوابی،سوات، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان میں چلائی جائے گی، حکام کے مطابق مجموعی طور پر 12 لاکھ 99 ہزار بچوں کو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ، انسداد پولیو مہم کیلئے  9900 ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔دوسری جانب حیدرآباد میں بھی 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جعفر نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا، انسداد پولیو مہم کا افتتاح رورل ہیلتھ سینٹر ٹنڈو جام میں ہوا۔ڈی ایچ او ڈاکٹر جعفر نے کہا کہ پانچ سال کی عمر تک کے 4 لاکھ ایک ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف ہے، دوران مہم 15 سو 65 موبائیل ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔