وزیراعظم شہباز شریف سے تاجکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے چیئرمین کی ملاقات


دوشنبہ (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے تاجکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے چیئرمین نے ملاقات کی ہے ،تاجکستان کی مجلس اولیٰ (تاجک پارلیمنٹ)کی مجلسی نموینداگون(ایوان زیریں)کے چیئرمین محمد طائر زاکر زادہ نے دوشنبہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سطح پر تعاون کے حوالے اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے لئے پہلے سے قائم پارلیمانی فرینڈشپ گروپس اور باقاعدہ پارلیمانی تبادلوں کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اراکین پارلیمنٹ دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے اراکین پارلیمنٹ کی مسلسل بات چیت اور روابط کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے جمہوریہ تاجکستان کے آئین کی 30ویں سالگرہ پر چیئرمین کو مبارکباد بھی دی۔وزیراعظم تاجکستان کے صدر امام علی رحمن کی دعوت پر تاجکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں ہیں۔