سینیٹر روبینہ خالد کی اقلیتی برادری کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ریلیف کی حمایت

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی )سینیٹر روبینہ خالدنے سندھ صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر انتھونی نوید سے ملاقات کے دوران اقلیتی برادری کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت  کا اظہار کیا ہے۔ ملاقات کے دوران  اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ کس طرح سے  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بنیادی اقدامات کے ذریعے اقلیتی مسیح برادری کو خاطر خواہ فوائد فراہم کئے جا سکتے ہیں تاکہ انہیں ضروری مدد اور ریلیف  کی فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی تشکیل دی جاسکے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے انتھونی نوید کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے  اقلیتی برادری سمیت  پاکستان  کے تمام پسماندہ طبقات کی پروگرام میں  شمولیت اور مساوی  حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔