آپریشن عزم استحکام پر اے پی سی کیلئے مشاورت جاری، اللہ کرے عمران خان اپنے بیان پر قائم رہیں، عطااللہ تارڑ

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آپریشن عزم استحکام پر کل جماعتی کانفرنس کے بارے میں اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جائے گی، عمران خان کا بھی اس حوالے سے بیان سامنے آیا ہے، اللہ کرے وہ اس پر قائم رہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کہ وزیراعظم کا دورہ تاجکستان انتہائی کامیاب رہا، کراچی پورٹ کے حوالے سے تفصیلی بات ہوئی، دونوں ممالک میں تجارت بڑھانے پر بھی بات ہوئی، پاکستان اور تاجکستان کی شرکتداری کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے، تجارت بڑھانے کیلئے پورٹس کا کردار بہت اہم ہے۔ دورے کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے پاکستان کا موقف بڑی دلیری سے دنیا کے سامنے رکھا،ان کا کہنا تھا کہ قازقستان میں بھی وزیراعظم کی اہم ملاقاتیں ہوئیں، زراعت، مائیننگ سمیت مختلف شعبوں پر بات ہوئی، جب کہ روس اور پاکستان کی تجارت بھی بڑھے گی، وزیراعظم کی پالیسیوں سے بہت فائدہ ہوا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم نے فلسطین پر دو ٹوک موقف اپنایا، شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، فلسطین کے 20 لاکھ افراد نقل مکانی پرمجبور ہیں، پاکستان، آزاد فلسطین کی حمایت کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پرامن اور مستحکم افغانستان کی بات کی جبکہ اسلاموفوبیا اور دہشت گردی پر بھی بات کی۔۔انہوں نے کہاکہ دوست ممالک پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانا چاہتے ہیں، آنے والے دنوں میں روس کے ساتھ تعلقات بڑھیں گے، جبکہ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولتیں دینے کے لیے پرامید ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے 3 لاکھ نئے افراد ٹیکس نیٹ میں آئے، جو لوگ ٹیکس دے سکتے ہیں انہیں فوری ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔

ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن تیزی سے آگے بڑھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 45 لاکھ افراد ٹیکس نہیں دے رہے، نان فائلز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا، ٹیکس چوروں اور ساتھ دینے والے فسران کو سزا دی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں عطااللہ تارڑ نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے رفاقت تنولی کیس کو ٹیک اپ کیا ہے۔ اسلام آباد پولیس اس میں شفاف تحقیقات کرے۔انہوں نے کہاکہ ایک شخص کا بیٹا مر گیا اور پرچہ بھی نہیں ہوا جبکہ اسی شخص کی گرفتاری بھی ڈال دی گئی، اس معاملے میں انصاف ہونا چاہیے،عطااللہ تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم نے آج کے اجلاس میں ایف بی آر اصلاحات کے متعلق فیصلے کیے ہیں، جو لوگ ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں انہیں فوری طور پر ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا جبکہ ٹیکس چوری میں ملوث افراد اور جرائم میں ساتھ دینے والے اہلکاروں کو بھی سزا دی جائے گی۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، آل پارٹیز کانفرنس میں سب جماعتوں کو شامل کریں گے۔

آج اے پی سی کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کا بیان بھی سامنے آیا ہے ۔عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ اداروں کی نجکاری کے حوالے سے بھی کام جاری ہے، اگست میں نجکاری کے معاملات میں تیزی آئے گی،عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ باجوڑحملے کا بڑا افسوس ہے، دہشت گردی،انتہا پسندی ختم ہونے سے پاکستان میں استحکام آئیگا، دہشت گرد پاکستان کے نظریے کے خلاف ہے، دہشت گردی کے خلاف ہم سب اکٹھے ہوں گے، عزم استحکام کے حوالے سے ایک مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے، عزم استحکام آپریشن پرکل جماعتی کانفرنس کے بارے میں اتحادیوں سیایک نشست ہوچکی ہے