کیئر اسٹارمر نے برطانوی وزارتِ عظمی کا عہدہ سنبھال لیا

لندن(صباح نیوز) برطانوی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے والی لیبر پارٹی کے سربراہ سر کیئر اسٹارمر نے وزارتِ عظمی کا عہدہ سنبھال لیا ہے، اس کے ساتھ ہی کنزرویٹو کا 14 سالہ طویل اقتدار ختم ہوگیا ہے۔ برطانوی فرماں روا چارلس سوم سے بکنگھم پیلس میں ملاقات کے بعد کیئر اسٹارمر نے وزارتِ عظمی کی ذمے داریاں سنبھالیں۔

اس موقعے پر سرکاری رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچنے کے بعد انہوں نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ میں ابھی برمنگم پیلس سے واپس آیا ہوں، میں نے ملک میں حکومت بنانے کی دعوت قبول کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دنیا میں برطانیہ کا قائدانہ کردار بحال کرائیں گے۔ ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد میں کمی کا ازالہ کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا پڑیں گے۔ عوام نے تبدیلی کے لیے واضح فیصلہ سنایا ہے۔ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں قوم سے اپنا پہلا خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کی حکومت ہر شہری کو احترام کی نظر سے دیکھے گی، میری حکومت عوام کی خدمت کریگی۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت ان لوگوں کی بھی خاص طور پر خدمت کرے گی جنہوں نے ہمیں ووٹ نہیں دیا، ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے سبکدوش ہونے والے وزیراعظم رشی سوناک کو خراج تحسین پیش کیا،

انہوں نے کہا کہ وہ ہمارے ملک کے پہلے برطانوی ایشیائی وزیر اعظم تھے، ہم ان کے عزم اور کاوشوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک نے تبدیلی کے لیے فیصلہ کن ووٹس دیے۔برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، برطانیہ کوایک بارپھر رہنمائی کرنے والا ملک بنائیں گے۔برطانیہ میں 4 جولائی 2024 کو ہونے والے انتخابات میں لیبر پارٹی نے واضح اکثریت حاصل کی ہے جس کے بعد پارٹی کے سربراہ کیئر اسٹارمر رشی سوناک کی جگہ برطانیہ کے وزیرِ اعظم بن گئے ہیں۔لیبر پارٹی نے پارلیمنٹ کی 650 نشستوں میں سے ہاؤس آف کامنز میں 410 سیٹیں حاصل کی ہیں جب کہ کنزرویٹو پارٹی نے 118 نشستیں جیتی ہیں