تعلیم بنیادی حق،غریب ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی یقینی بنانا ہو گی،وزیراعظم

 اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تعلیم ہر معاشرے میں بنیادی حق ہے، غریب ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی یقینی بنانا ہو گی، لڑکیوں کی تعلیم موجودہ وقت کا اہم چیلنج ہے، مسلم دنیا کو اس چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لئے  بڑے پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم، چیلنجز اور مواقع کے عنوان پر 2 روزہ عالمی کانفرنس کا افتتاح ہوگیا، کانفرنس میں 47 ممالک کے وزرا اور مختلف اداروں کے نمائندے شریک ہیں،  کانفرنس کے اختتام پر اسلام آباد اعلامیہ پر دستخط کئے جائیں گے۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے فوری اور ضروری اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر معاشرے میں تعلیم کا حصول ممکن ہے، تعلیم کے شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنا ہوگا، غریب ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی ممکن بنانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اسلام بھی خواتین سمیت معاشرے کے ہر طبقے کو علم حاصل کرنے پر زور دیتا ہے، عالمی کانفرنس کا انعقاد پاکستان کے لیے اعزاز ہے، کانفرنس میں ملالہ یوسف زئی کی شرکت باعث فخر ہے، ان کی آمد پر ہمیں بے حد خوشی ہوئی ہے، ملالہ ہمت اور عزم کی علامت ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے یہ کانفرنس بہت اہم ہے، غریب ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی ممکن بنانے کے لیے کام تیز کرنا ہوگا، تعلیم کے شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنا ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی تقریر میں حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی تجارت کے لئے کی گئی کوششوں کا حوالہ بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں، لڑکیوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے سے معاشرہ مضبوط اور ترقی یافتہ ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں اعلی کارکردگی دکھانے والی طالبات کو جدید لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں۔ طالبات اپنی قابلیت سے عالمی معیشت میں بھرپور کردار ادا کرسکتی ہیں۔ تعلیم کے شعبے میں درپیش چیلنجز کو ہر صورت ختم کرنا ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بینظیر بھٹو پاکستان سے اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، مریم نواز پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہیں، ہماری خواتین بہت بہادر اور ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، ارفع کریم نے آئی ٹی کے شعبے میں نام کمایا۔انہوں نے تقریب سے خطاب کے دوران عربی جملوں کا استعمال بھی کیا، جس پر شرکا نے انہیں سراہنے کے لئے تالیاں بجائیں۔