وزیراعظم سے سیکرٹری جنرل او آئی سی کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزیراعظم نے 11-12 جنوری 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد مسلم دنیا میں خواتین کی  معیاری تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالیسے  ٹھوس کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔ او آئی سی کے متحرک کردار پر سیکرٹری جنرل او آئی سی کی تعریف کرتے ہوئے، وزیراعظم نے تنظیم کی مشترکہ ترجیحات اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور اسے مسلم امہ کی اجتماعی آواز کے طور پر مزید فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔  وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے حل کے لیے او آئی سی کے اصولی موقف اور مستقل حمایت پر سیکرٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔

فلسطین میں جاری اسرائیل کی نسل کشی کی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے، انہوں نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کرنے، فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے اور اسرائیل کے وسیع پیمانے پر جنگی جرائم کے خلاف عالمی احتساب کی ضرورت پر زور دیا۔سیکرٹری جنرل او آئی سی نے پاکستان کی طرف سے ان کے اور ان کے وفد کے پر تپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا میں لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد مسلم امہ کے لیے اہمیت کے حامل مسائل کے حل کے لیے پاکستان کے قائدانہ کردار کی مثال ہے ۔ سیکرٹری جنرل نے کشمیری عوام کی آزادی اور حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد میں او آئی سی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور وزیراعظم کو اس سلسلے میں او آئی سی کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ او آئی سی کو غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے عالمی برادری پر اپنا دباو جاری رکھنا چاہیے اور اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطین کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ دونوں فریقین نے  اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششوں اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔