اسلام آباد(صباح نیوز)نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی اتوار کو پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ملالہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ میں لڑکیوں کی تعلیم پر ایک کانفرنس میں دنیا بھر کے مسلم رہنماں کے ساتھ شامل ہونے کے لیے پرجوش ہوں۔ملالہ یوسف زئی کو 2012 میں پاکستانی طالبان کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد بیرون ملک منتقل کر دیا گیا تھا، پاکستان میں بعض لوگ ان کی سرگرمی سے مشتعل تھے اور اس کے بعد سے وہ صرف ایک بار ہی ملک واپس آسکی ہیں۔
ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ اتوار کو میں تمام لڑکیوں کے اسکول جانے کے حقوق کے تحفظ کے بارے میں بات کروں گی، اس پر بھی بات ہوگی کہ کیوں عالمی رہنماؤں کو افغان خواتین اور لڑکیوں کے خلاف جرائم کے لیے طالبان کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔
ملالہ فنڈ چیریٹی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس سمٹ میں ذاتی طور پر شرکت کریں گی۔2 روزہ سربراہی اجلاس ہفتہ اور اتوار کو دارالحکومت اسلام آباد میں ہوگا، جس میں مسلم کمیونٹی میں لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔