اسلام آباد(صباح نیوز)*صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کاروائی کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ،صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کامیاب آپریشنز کے دوران 5 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا،
صدر مملکت نے ملک سے فتنتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کاروائیاں کر رہی ہیں، صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رہیں گی،
علاوہ ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی ،وزیرِاعظم نے سرغنہ سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر آپریشن میں شریک افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتیوں کی تعریف کی ،اپنے بیا ن میں انہو ں نے کہا کہ دھشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے.
وزیرِ اعظم نے کہا کہ دھشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،انہوں نے کہاکہ مجھ سمیت پوری قوم اپنی جان کی پروا کئے بغیر ملک دشمنوں کے خلاف جنگ میں شریک سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے