ڈاکٹر عابد سلہری این ایس پی پی بورڈ آف گورنرز کے رکن مقرر

 اسلام آباد(  صباح نیوز) وفاقی حکومت نے پالیسی ادارہ برائے  پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری کو نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی (این ایس پی پی) لاہور کا بورڈ آف گورنرز کا رکن مقرر کردیا ہے۔ کابینہ سیکرٹریٹ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے این ایس پی پی آرڈیننس 2002 کے تحت منظور شدہ تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نو منتخب بورڈ آف گورنرز میں ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ اور ڈاکٹر علی حسنین بھی شامل ہیں۔ نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی پاکستان میں سینئر رینک کے سرکاری ملازمین کی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے لئے سرکردہ ادارہ ہے۔

 ڈاکٹر عابد قیوم سلہری کا شمارپائیدار ترقی، سیاسی معیشت، غذائی تحفظ اور آب و ہوا کی تبدیلی کے ماہرین میں ہوتا ہے۔وہ مختلف قومی اور علاقائی پالیسی ساز فورمز میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور عالمی سطح پر متعدد سرکاری اور سول سوسائٹی کے وفود میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر سلہری اس وقت پاکستان کلائمیٹ چینج کونسل، نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (این ڈی آر ایم ایف) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور زرعی یونیورسٹیوں کے لئے حکومت پنجاب کے وائس چانسلرز کی سرچ کمیٹی کے رکن ہیں۔انہوں نے تین مدتوں (2013ـ2022) کے لئے وزیر اعظم کی اقتصادی مشاورتی کونسل / نیشنل اکنامک ایڈوائزری کونسل کے رکن ، دو مدتوں (2013ـ2022) کے لئے منصوبہ بندی کمیشن آف پاکستان کی نیشنل ایڈوائزری کونسل اور وزیر اعظم کے زرعی ٹرانسفارمیشن پلان (2021ـ2022) کے کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے بھی خدمات بھی انجام دی ہیں۔

وہ وزیر خزانہ کی ٹاسک فورس برائے سوشل سیفٹی نیٹس (2016ـ17)، پاکستان اسٹیٹ آئل کے بورڈ آف مینجمنٹ (بورڈ آف ڈائریکٹرز) (2009ـ2011) اور سپریم کورٹ آف پاکستان، اسلام آباد ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ماحولیاتی مسائل پر قائم چار عدالتی کمیشنوں کے رکن بھی رہے ہیں۔ڈاکٹرسلہری ساؤتھ ایشیا اکنامک سمٹ کی مستقل آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن ہیں۔ وہ سی اے آر ای سی (سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن) تھنک ٹینک نیٹ ورک کے ایڈوائزری بورڈ کے رکن اور بورڈ آف کلائمیٹ ایکشن نیٹ ورک، جنوبی ایشیا کے شریک چیئرمین بھی رہ چکے ہیں اس کے علاوہ وہ ایس ڈی پی آئی کے پیئر ریویو جرنل کے ایڈیٹر ان چیف اور”جرنل آف ڈیولپمنٹ پالیسی، ریسرچ اینڈ پریکٹس” اور اسپرنگرز ساؤتھ ایشیا اکنامک اینڈ پالیسی اسٹڈیز کے سیریز ایڈیٹر ہیں۔