ملک مسائل کی دلدل میں دھنس رہا، حکمران ادراک و فہم سے عاری ہیں، سراج الحق


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک ہر آئے روز مسائل کی دلدل میں دھنس رہا ہے مگر حکمران ادراک اور فہم سے عاری ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف نے جو چابک حکومت کو تھمایا ہے وہ غریب عوام کی پیٹھ پردن رات برس رہا ہے۔ چترال سے کراچی تک عوام بے بسی اور بیچارگی کی تصویربن چکے ہیں۔ حکومت کے رویوں سے ثابت ہوگیا ہے کہ وہ ظلم اور ناانصافی بند نہیں کرے گی۔ نام نہادبڑی اپوزیشن جماعتوں نے عوامی مسائل پر چپ سادھ رکھی ہے۔ پی پی ، ن لیگ نے اپنے ادوار میں بھی عالمی استعمار کی تابعداری کی، پی ٹی آئی ماضی کی پالیسیوں میں تیزی لائی۔ قوم کا حکمرانوں سے جواب دہی کاوقت آگیا ہے۔ نظام میں تبدیلی اور سٹیٹس کو سے نجات کے لیے قوم جماعت اسلامی کی پرامن جمہوری جدوجہد کا ساتھ دے۔

سراج الحق نے کہاکہ آزمائے ہوئے جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو گھر بھیجے بغیر چارہ نہیں۔ فیصلہ عوام کے ہاتھوں میں ہے۔ اسوۂ رسولۖ کی پیروی میں انسانیت کی فلاح ہے۔ حضورۖ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر آئے۔ آپۖ رحمت العالمین ہیں۔ ملک میں وہ نظام نافذ نہیں ہو سکا جس کے لیے کروڑوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال میں سیرت کانفرنس اور منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابیوں کی ہیٹرک پر بابر الیون اور پوری قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے افغانستان کرکٹ ٹیم کے شاندار کھیل کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم کامیابیوں کے سفر کو جاری رکھے گی اور انشاء اللہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ جیتے گی۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کے جذبہ اور قابلیت میں کوئی کمی نہیں۔ مگر بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں نے کبھی بھی اس جذبہ کی قدر نہیں کی۔ ملک کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل اور افرادی قوت سے نوازا ہے۔ ہمارا ملک ایٹمی طاقت ہے۔ ضروت اس امر کی تھی کہ حکمران صاف نیت سے ملکی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کرتے اور اپنی عیاشیاں ختم کرکے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالتے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے اسلام کی بجائے مغربی نظام کو اپنایا ، سود پر قرضے لیے اور کرپشن اور ٹیکس چوری سے مال بنایا اور بعد میں اس لوٹی ہوئی دولت کو بیرون ملک جائیدادیں بنانے میں صرف کیا۔ پنڈورا پیپرز اور پانامہ لیکس میں پاکستان کی حکمران اشرافیہ کی لوٹ مار طویل داستانیں ہیں۔مگر اب تک ملکی دولت لوٹنے والے آزاد گھوم رہے ہیں، البتہ غریب کی گردن دبوچ لی جاتی ہے۔ پی ٹی آئی تبدیلی اور ریاست مدینہ کے نعرے لگاکر اقتدار میں آئی مگر وزیراعظم مافیاز کے ہاتھوں یرغمال اور عالمی مالیاتی اداروں کی تابعداری میں سب سے آگے نکل گئے۔ حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی نے عوام کے ساتھ سب سے بڑا دھوکہ کیا۔ سوا تین برسوں میں بیڈ گورننس ، مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کی تاریخ رقم ہوئی۔

امیرجماعت نے قوم سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ حکمران طبقے کو اچھی طرح پہچان لے کیونکہ فیصلہ بہرحال پاکستانی عوام نے ہی کرنا ہے۔ قوم کو یہ سوچنا ہوگا کہ اب ملک کو کن لوگوں کے حوالے کرنا ہے۔ پاکستان مزید تنزلی کامتحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک میں الیکشن کے نظام کو صاف اور شفاف بنانا ہوگا۔ انتخابات میں دھونس ، دھاندلی اور خفیہ طاقتوں کے اثر کو زائل کیے گئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ جماعت اسلامی نے الیکشن ریفارمز کا مکمل پیکج سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمیشن کے ساتھ شیئر کیاہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کے انتخابی اصلاحات کے مسودے پر سنجیدگی سے غور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق پائیدار جمہوریت کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی اللہ کی مددونصرت اور عوام کے ساتھ سے اقتدار میں آکر پارلیمنٹ، عدلیہ ، نظام تعلیم کو اسلام کے تابع کرے گی اور ملک کو عظیم اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے گا۔