سپریم کورٹ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے قائم شہری کمیٹیوں کی سربراہی سے ججز کو ہٹا دیا


اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے قائم شہری کمیٹیوں کی سربراہی سے ججز کو ہٹا دیا ہے، عدالت عظمی کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہ متاثرین کی بحالی کیلئے کمیٹیاں قانون کے مطابق کام جاری رکھیں گی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے بنائی گئیں نگراں کمیٹیوں کیخلاف درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا گیا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے فیصلہ جاری کیا۔ اس موقع پر سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سندھ حکومت کی درخواستوں کو جزوی طور پر منظور بھی کر لیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بحالی اور نگرانی کیلئے شہری کمیٹیوں میں خواتین کو بھی شامل کیا جائے، جب کہ سیلاب زدہ علاقوں میں خواتین کو طبی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔

عدالتی حکم میں شہری کمیٹیوں کو ریلیف آپریشنز میں ہدایات اور کنٹرول کرنے سے روک دیا گیا۔عدالت کا کہنا ہے کہ شہری کمیٹیاں متاثرین کی بحالی کیلئے اداروں کیساتھ مل کر کام کریں، جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)ہر 2 ہفتوں بعد سندھ ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کرائے۔واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے سول ججز کو شہری کمیٹیوں کا سربراہ تعینات کیا تھا جس پر سندھ حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، سندھ حکومت کے مطابق عدالت کا آرڈر ایگزیکٹو معاملات میں مداخلت ہے۔