امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے سابق صدرعارف علوی کی منصورہ میں ملاقات

لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے منصورہ میں ملاقات کی جس کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ نائب امیر لیاقت بلوچ اور سیکرٹری جنرل امیرالعظیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں دونوں اطراف میں اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ آئین وقانون کی بالادستی سے ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے، موجودہ حالات میں ملک میں جمہوریت نہ ہونے کے برابر ہے، الیکشن میں عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا۔

امیر جماعت نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی آئین وقانون کی بالادستی اور جمہوری آزادی کے لیے اشتراک عمل کے لیے تیار ہیں تاہم جماعت اسلامی کسی سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی، اشتراک عمل کا طریقہ مجلس شوریٰ میں مشاورت سے طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ سیمینار میں شرکت کرے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جمہوریت کی بالادستی کے لیے فارم پنتالیس سے آغاز کرنا پڑے گا، فارم سنتالیس کی جعلی حکومت کو نہیں مانتے، جس کا جتنا مینڈیٹ ہے اسے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے لوکل گورنمنٹ کی مضبوطی اور طلبہ یونین کی بحالی ضروری ہے۔سیاسی پارٹیوں کے اندر جمہوریت کا ہونا ضروری ہے۔ دونوں رہنماؤں میں ان امور پر اتفاق پایا گیا۔