عمران خان کے گرد گھیرا مزید تنگ، توشہ خانہ ریفرنس میں پی ٹی آئی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی شروع

اسلام آباد(صباح نیوز)توشہ خانہ ریفرنس میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو پارٹی چئیرمین شپ سے ہٹانے کی کاروائی شروع کردی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کا نوٹس جاری کردیا ہے  اور الیکشن کمیشن نے پارٹی چئیرمین شپ کیس 13 دسمبر کو مقرر کردیا ہے۔واضح رہے کہ 21 اکتوبر کو الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس پر 19 ستمبر کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا تھا۔

الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو 63 ون کے تحت نااہل قرار دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق عمران خان رکن قومی اسمبلی نہیں رہے، ان کی قومی اسمبلی کی سیٹ خالی قرار دے دی گئی ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما محسن رانجھا اور دیگر ایم این ایز نے اسپیکر قومی اسمبلی کو عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس 4 جولائی کو جمع کروایا تھا۔

ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانے سے وصول تحائف کو فروخت کیا اور گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا۔ عمران خان نے توشہ خانے سے تحائف کی خریداری کو دانستہ طور پر چھپایا۔