وفاقی وزیر اطلاعات کی سینئر صحافی جاوید شہزاد کے انتقال پر تعزیت کے لئے ان کے گھر آمد، فاتحہ خوانی کی

راولپنڈی (صبا ح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ پیر کو سینئر صحافی جاوید شہزاد کے انتقال پر تعزیت کے لئے ان کے گھر گئے اور مرحوم کے بھائی سینئر صحافی خرم شہزاد اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جاوید شہزاد ایک محنتی اور قابل صحافی تھے جنہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ صحافت کے لئے وقف کیا، ان کے انتقال سے شعبہ صحافت میں پیدا ہونے والا خلاکبھی پر نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، مرحوم جاوید شہزاد کے بچوں کو تنہانہیں چھوڑیں گے، ان کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مرحوم جاوید شہزاد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ بھی موجود تھے۔