برطانوی حکومت کو اسلاموفوبیا پر مشتمل نفرت انگیز مہم روکنے کیلئے ایکشن لینا چاہیے،حافظ نعیم الرحمن

لاہو ر (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ایلون مسک مسلسل اسلامو فوبیا پر مبنی مہم چلا رہے ہیں۔یہ ایک گروہ ہے جس میں دوسرے ممالک کے لوگ بھی شامل ہیں۔ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایلون مسک اور ان سے جڑا گروہ اپنے مذموم مقاصد کو صرف اور صرف پاکستان اور اسلام سے جوڑ رہے ہیںجو کہ ان کی نسل پرستانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ ایلون مسک نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور ٹرمپ غزہ کو جہنم میں تبدیل کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ان کا کہناتھا نومنتخب امریکی صدر اسرائیل کی دہشتگردی پر اس کی حمایت کر رہے ہیں، اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف مسلسل نسل کشی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منافقت اور تضاد سوشل میڈیا پر اسلام کے خلاف نفرت پھیلانے کی منظم مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کو اسلاموفوبیا پر مشتمل نفرت انگیز مہم روکنے کے لیے ایکشن لینا چاہیے۔