وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے حصول کے لیے جدت آمیز پالیسیوں اور لائحہ عمل اپنانے پرزور

ہانگ کانگ (صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے  اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے حصول کے لیے جدت آمیز پالیسیوں اور لائحہ عمل اپنانے پرزور دیتے ہوئے اے آئی (AI)اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے استعمال میں ہانگ کانگ کے تجربات سے سیکھنے کا عزم ظاہر کیا۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایشیائی مالیاتی فورم 2025 کے ابتدائی اجلاس میں”جدت: معاشی ترقی کے نئے محرکات کا باعث بننے والا سبب “کے موضوع پر مذاکرے سے خطاب کیا۔

وزیر خزانہ نے اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے حصول کے لیے جدت آمیز پالیسیوں اور لائحہ عمل اپنانے پر زوردیتے ہوئے  دنیا کی معیشتوں کے مستقبل کی تشکیل میں جدت کے کردار، اہمیت اور تبدیلی کی طاقت کو اجاگر کیا۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمداورنگزیب نے ایشیاء کے ابھرتے ہوئے مالیاتی منظر نامے کے تناظر میں ایک مستحکم پالیسی فریم ورک اور تسلسل فراہم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ا نہوں نے   پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں نجی شعبے کے کردار اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ  ترقی کے نئے مواقع کھولنے، مسابقت کو بڑھانے اور عالمی معیشت میں ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اختراعی طریقوں، ٹیکنالوجیز اور کاروباری ماڈلز اپنانے پر زور دیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے بزنس، فنانس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ہانگ کانگ کے اہم مالیاتی مرکز ہونے اور بالخصوص اے آئی (AI)اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے استعمال میں ہانگ کانگ کے تجربات سے سیکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو پائیدار اور جامع ترقی کی طرف گامزن کرنے کے لیے جدت، صنعت کاری اور تکنیکی ترقی کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کی وضاحت کی۔ محمد اورنگزیب نے اقتصادی ترقی اور سماجی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے جدت اور تعاون کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کرنے میں حکومت کے کردار پر زور دیا۔انہوں نے فنانس اور معاشی پالیسی سازی اورمستقبل کی خوشحالی اور لچک کے کلیدی محرک کے طور پر جدت کو اپنانے کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔