پشاور(صباح نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی میں ضم قبائلی اضلاع کو وفاق اور صوبوں کی جانب سے تیز تر ترقی کے لئے فنڈز دینے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ قرارداد باجوڑ سے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی اجمل خان اور دیگر اراکین نے مشترکہ طور پر پیش کی ، جس میں کہا گیا کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے وقت اسے ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانے کا وعدہ کیا گیا،
وفاق ،سندھ ،بلوچستان اور پنجاب جو فنڈز دینے کا وعدہ کیا وہ نہیں دیئے۔ متن میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ وفاق اور تینوں صوبہ تمام واجبات ادا کریں، این ایف سی میں ضم اضلاع کا حصہ تین فیصد بنتا ہے، اس کی ادائیگی یقینی بنائی جائے، فاٹا کی تیز تر ترقی نہ ہونے سے وہاں اضطراب اور مسائل بڑھ رہے ہیں۔ اسی طرح وفاق اور دیگر صوبے اسے ختم کریں، تیز تر ترقی کے مد میں وفاق اور تینوں صوبے کے ذمے 567ارب روپے اور تین فیصد این ایف سی کے مد میں وفاق پر 360ارب روپے واجب ادا ہیں۔