پشاور (صباح نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اور رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیر پگارا سے اہم ملاقات کی،سیاسی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے اہم مشارت ہوئی۔ ملاقات میں سینئر سیاستدان محمد علی درانی بھی موجود تھے۔اس موقع پر پیر پگارا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کیلئے نیک تمناں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے پیر پگارا اور جی ڈی اے کی قیادت کے لئے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔ملاقات کے دوران قائدین کی سیاسی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے اہم مشارت ہوئی، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے نے ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مشاورت پر اتفاق کیا، اجلاس میں مستقبل میں رابطوں کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔بیرسٹر سیف نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی طرف سے نیک تمنائوں کا پیغام دیا جس پر پیر پگارا نے ان کیلئے جوابی خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
پیر پگارا نے اپوزیشن کو قریب لانے میں محمد علی درانی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں باہمی رابطوں کیلئے وہ اپنا کردار مزید بڑھائی۔بیرسٹر سیف نے پارٹی قیادت کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں میں رابطوں کے حوالے سے محمد علی درانی کی کاوشوں کی تحسین کی۔