بنوں (صبا ح نیوز)جماعت اسلامی خیبر پختونخوا جنوبی کے سیکرٹری جنرل محمد ظہور خٹک نے کہا ہے کہ صوبے میں ایک بار پھر فوجی آپریشن کی بازگشت جاری ہے۔ حکومت بتائے کہ دو عشروں سے جاری آپریشنوں کا کیا نتیجہ نکلا ہے۔ آپریشنوں سے صرف عوام کو تکلیف ہوتی ہے، عوام کو جانی و مالی نقصان اور نقل مکانی برداشت کرنی پڑتی ہے۔ صوبے کے کسی حصے میں فوجی آپریشن کی حمایت نہیں کریں گے۔ حکومتی اور اپوزیشن رہنماوں کو اسرائیل کی حمایت اور غزہ کی مخالفت پر امریکہ کی مذمت کی توفیق نہیں ہو رہی۔ ٹرمپ کا مشرقِ وسطی کو جہنم بنانے کا اعلان شرمناک اور اس پر حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔
ٹرمپ کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ غزہ اور فلسطین مسلمانوں کا ہے، اس پر اسرائیل کا حق تسلیم نہیں کرتے۔ جماعت اسلامی غلبہ دین کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ان خیالات کا ظہار انہوں دارالعلوم الاسلامیہ بیرون ہوید گیٹ بنوں میں جماعت اسلامی ضلع بنوں کی ایک روزہ تربیتی اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی اجتماع سے جماعت اسلامی ضلع بنوں کے امیر مولانا عارف اللہ، سیکرٹری جنرل اعجا ز الحق سورانی، جماعت اسلامی ضلع بونیر کے رہنما عبدالغفار، اختر علی شاہ اور مفتی صفت اللہ نے بھی خطاب کیا۔ محمد ظہور خٹک نے کہا کہ اس وقت امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے جبکہ اقوام متحدہ اور امریکہ غزہ کی بچوں کی لاشیں اور نسل کشی نظر نہیں آرہی۔غزہ میں 40ہزار سے زائد لوگ شہید ہوگئے ،جبکہ مسلمان حکمران خواب خرگوش میں مبتلا ہیں۔ جماعت اسلامی مظلوم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی کو جہنم بنانے والے امریکہ کا لاس اینجلس آج خود جہنم کا منظر پیش کر رہا ہے۔ یہ قدرت کا انتقام ہے، قدرت نے یہ بات سمجھا دی ہے کہ سپر پاور ایک اللہ ہے، امریکہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قران وسنت کا نظام ہی اس ملک کے مسائل کا حل ہے ،جماعت اسلامی کے پاس دیانت دار قیادت موجود ہے ۔ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے نجات دلا کر پاکستان کو اسلامی فلاحی اور خوشحال مملکت بنائیں گے۔