پی ایم ڈی سی وفاقی و صوبائی حکو متیں وفاقی میڈیکل یو نیورسٹی کے انٹری ٹیسٹ میں شامل طلبہ کو 14اضافی نمبرزدینے کا نوٹس لیں ،ڈاکٹر صاحبزادہ وسیم حیدر

پشاور(صباح نیوز)  اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختو نخواکے ناظم ڈاکٹرصاحبزادہ وسیم حیدر نے پی ایم ڈی سی کی جانب سے وفاقی میڈیکل یو نیورسٹی کے انٹری ٹیسٹ میں شامل ہو نے والے طلبہ کو 14اضافی نمبر ز دینے کا فیصلہ صوبہ خیبر پختونخوا کے سینکڑوںطلبہ کے ساتھ ناانصافی اور حق تلفی قراردیتے ہوئے کہاکہ یہ اقدام ان طلبہ کے مستقبل پر منفی اثر ڈالے گا ،جو پہلے ہی محدود وسائل اور مواقع کے باجود میڈیکل کا لجز میں داخلے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ۔اگر وفاقی میڈیکل یونیورسٹی کے طلبہ کو اضافی نمبر ز دیے جارہے ہیں تو خیبر پختو نخوا کے طلبہ کو بھی میڈیکل انٹری ٹیسٹ میں مساوی اضافی نمبرز دیے جائیں ،تاکہ وہ داخلوں سے محروم نہ رہیں اور برابری کی بنیاد پر مقابلے میں شریک ہوسکیں ۔

اپنے بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ایم ڈی سی ،وفاقی وصوبائی حکومتیں اور وائس چانسلر خیبر میڈیکل یو نیورسٹی فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیں اور خیبر پختونخوا کے طلبہ کو ان کے حق سے محروم نہ کریں ۔اگر حکومت نے اس ناانصافی پر تو جہ نہ دی تو اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا کے میڈیکل طلبہ کیساتھ مشاورت کے بعد اس معاملے کو ہائی کورٹ میں لے کر جائے گی ۔اسلامی جمعیت طلبہ اپنے میڈیکل طلبہ کیساتھ کھڑے ہے اور ان کے جائز مطالبات کی منظوری تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ہم یہ بھی اپیل کرتے ہیں کہ تمام متعلقہ ادارے طلبہ کیساتھ یکساں برتائو کریں ۔