لکی مروت (صباح نیوز) دہشت گردوں نے لکی مروت کے علاقے کبل خیل میں 17 سویلین ورکرز کو بھتہ خوری کے لیے اغوا کرلیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا کیے گئے سویلین ورکرز نہتے تھے، دہشت گردوں نے سویلین ورکرز کو اغوا کرنے کے بعد وہاں کے مقامی ٹھیکے دار کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی۔
ذرائع کا کہنا ہیکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذکرنے والے اداروں نے اب تک 8 مغوی ورکرز کو باحفاظت باز یاب کروا لیا ہے، باقی ورکرز کو بھی باز یاب کروا لیا جائیگا، اس سلسلے میں آپریشن جاری ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی پاکستان اور عوام دشمن بیہمانہ کارروائیوں کا دین اور اسلامی اقدار سے کوئی تعلق نہیں، اس بیہمانہ اقدام کرنے والے عناصرکو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔