وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی موٹر ویز پر پٹرولنگ بڑھانے، سکیورٹی سخت کرنے اور موٹر بائیک سروس شروع کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹر ویز پر پٹرولنگ بڑھانے اور سکیورٹی سخت کرنے کا ٹاسک سونپتے ہوئے موٹر ویز پر سکیورٹی و سرویلنس کیلئے موٹر بائیک سروس کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزارت مواصلات کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے انسپکٹر جنرل موٹر وے پولیس کو پٹرولنگ بڑھانے اور سکیورٹی سخت کرنے کا ٹاسک سونپا ہے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ موٹر وے پر بیک وقت 30 سے 35 موٹر بائیکس کو مختلف سیکٹرز میں پٹرولنگ کرتے رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں موٹر وے پولیس اپنے وسائل سے بائیک سروس شروع کرے جس میں مزید اضافہ کریں گے ۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)، موٹر وے پولیس، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) اور ضلعی پولیس مشترکہ اقدامات کو یقینی بنائے۔وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ موٹر وے کے گرد حفاظتی باڑ کی چوری کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹر وے پولیس کے اختیارات کے لئے قانون سازی میں ترمیم کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کیلئے موٹر وے پولیس کو زیادہ سے زیادہ ذمہ داری لینا ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسا میکنزم اختیار کیا جائے کہ موٹر وے پر سفر کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جا سکے، موٹر وے پر جہاں جرائم اور باڑ چوری کے واقعات زیادہ ہیں ان کی نشاندہی کریں۔وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ جس علاقے میں باڑ چوری ہوگی، وہاں کا این ایچ اے آفیسر اور موٹر وے پولیس ذمہ دار ہوگی، جن ایریاز میں حفاظتی باڑ ٹوٹ چکی ہے یا چوری ہو گئی ہے، وہاں نئی باڑ کا بندوبست کیا جائے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ آئی جی موٹر وے مقامی پولیس کے ہمراہ باڑ چوری کے کیسوں کی مکمل پیروی کو یقینی بنائیں۔ وفاقی وزیر نے سیکرٹری مواصلات کو ایک ہفتے میں مربوط اقدامات کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔