اسلام آباد( صباح نیوز )پارا چنار اور کرم میں کشیدہ صورتحال سے متاثر ہونے والے گھرانوں کے لئے ہلال احمر پاکستان نیشنل ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے گھریلو ضرورت کا سامان ہلال احمر خیبر پختونخوا برانچ کے حوالے کر دیا گیا۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی درخواست پر ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہداحمد لغاری نے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے دو ہزار گھرانوں کے لئے ضرورت کا سامان مہیا کیا۔ہلال احمر پاکستان نیشنل ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے فراخدلانہ اقدام کو تمام مکاتب فکر نے سراہا ہے۔
امدادی کھیپ میں فیملی ٹینٹ،کمبل،تارپولین شیٹس،کچن سیٹ،جیری کین،ہائیجین کٹس اور مچھر دانیوں کے علاوہ دیگر اشیاء شامل ہیں۔واضح رہے کہ ہلال ا حمر پاکستان اپنے مینڈیٹ میں رہتے ہوئے حکومتی اقدامات کو تقویت بخشتا ہے،ہلال احمر حکومت کے لئے انسانیت کی خدمت میں ایک معاون کا کردار ادا کرتا ہے۔ قدرتی آفات،سانحات کے دوران متاثرہ لوگوں کی مدد کو ترجیح دیتے ہوئے فوری ریسپانس دیتا ہے۔بارشوں کے باعث سیلاب کی صورتحال ہو یا بدترین زلزلہ یا کوئی انسان ساختہ شورش کے دوران متاثرین کی امداد بلا امتیاز اور بنا کسی تفریق کے کی جاتی ہے۔
ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہداحمد لغاری کا کہنا تھا کہ متاثرہ گھرانوں کی مدد ہمارا اولین فرض ہے،ہلال احمر پاکستان اپنے بنیادی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے ہر متاثرہ فرد کی مدد کو یقینی بناتا ہے۔صوبائی حکومت،گورنر سیکرٹریٹ اور شورش زدہ علاقوں کے عمائدین کے علاؤہ ہلال احمر کے پی برانچ نے ہلال احمر نیشنل ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے امدادی سامان کی فراہمی پر سردار شاہد احمد لغاری کاشکریہ ادا کیا ہے۔ اس بر وقت اقدام کو انسانیت کی خدمت کی عمدہ مثال قرار دیا ہے۔