ملک کے امن کو خراب کرنے کی ہر کوشش کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا،آرمی چیف

پشاور (صباح نیوز ) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن نفرت اور خوف کا بیج بونا چاہتا ہے جسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دہشتگردی کی ہماری سرزمین پر کوئی جگہ نہیں، ہم اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن اور پوری قوت سے جواب دیا جائیگا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آج پشاور کا دورہ کیا جہاں ان کا کور کمانڈر پشاور نے استقبال کیا۔ آرمی چیف کو ملک میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور دہشتگردوں کیخلاف جاری انسداد دہشتگردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی شرکت کی۔ آرمی چیف نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے سیکیورٹی اداروں کی مثالی

کامیابیاں قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”ہماری فورسز نے بے مثال جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کے ذریعے دہشتگردوں کو مؤثر طریقے سے کمزور کررہی ہیں، اہم دہشتگرد رہنمائوں کا خاتمہ، ان کے نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر کو تباہ کر کے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ دہشتگردی کی ہمارے ملک میں کوئی جگہ نہیں۔ یہ جنگ جاری رہے گی اور ہم اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے، انشا ء اللہ۔” آرمی چیف نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں اور انہوں نے کئی حملوں کو ناکام بنا کر ملک میں امن قائم رکھا۔ انہوں نے ہر آپریشن کو سیکیورٹی فورسز کے عزم، پیشہ ورانہ صلاحیت اور تیاری کا ثبوت قرار دیا۔

جنرل عاصم منیر نے واضح پیغام دیا کہ ملک کے امن کو خراب کرنے کی ہر کوشش کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ”دشمن خوف اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر سکتا ہے، لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ دشمن عناصر کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور وہ مزید بھاری نقصان اٹھائیں گے۔” آرمی چیف نے فوجیوں کے غیر معمولی حوصلے کی بھی تعریف کی، جو قوم کی خودمختاری کے تحفظ کے عزم پر ثابت قدم رہتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہر آپریشن سیکیورٹی فورسز کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے، جو دہشت گردوں کی طرف سے لاحق خطرات کو ناکام بنانے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک اٹوٹ فورس کے طور پر کھڑے ہیں جو مادر وطن اور اس کے لوگوں کے تحفظ کے لیے اپنے مشن میں پرعزم ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خیبر پختونخوا کے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں سے بھی علیحدہ ملاقات کی۔اس موقع پر سیاسی رہنمائوں نے دہشتگردی کے خلاف عوامی حمایت اور سیاسی ہم آہنگی کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ سیاسی نمائندوں نے دہشتگردی کے خلاف قومی جنگ میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر متزلزل حمایت کا عزم ظاہر کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ انتہا پسند فلسفے کے خاتمے کے لیے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد ضروری ہے۔