ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن ہیں،مولانا فضل الرحمن

ملتان (صباح نیوز) سربراہ جمعیت علمائے (ف)مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔قومیت کا نعرہ لگانے والے لوگ بھی خود کو لبرل کہتے ہیں۔

 ملتان میں علما کنونشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ  ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن ہیں، اگر وہ مسلمان ہوجائیں گے تو سب کہیں گے ہمارا بھائی ہے، قومیت کا نعرہ لگانے والے بھی خود کو لبرل کہتے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تعصب تنگ نظری کے سوا کچھ نہیں پھر خود کو آزاد بھی کہلواتے ہیں، اللہ نے جدو جہد کو لازمی قرار دیا ہے، ہمیں مسلسل کام کرنے کی ضرورت ہے، قوم قبول کرے یا نہ کرے جدو جہد جاری رکھنی ہے،  نامناسب سہولیات کے پیش نظر لوگ شہر چھوڑ رہے ہیں، سیاست انبیا کا وظیفہ ہے، اسے دینی اداروں کے حوالے کیوں کردیا گیا؟ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت 21ویں صدی میں جارہے ہیں، 19ویں صدی سے لے کر 20ویں صدی کے وسط تک برصغیر کی قیادت علمائے کرام کے ہاتھ میں تھی لیکن کوئی ایک ایسی مثال نہیں ملتی جہاں مسلک کا اختلاف پیدا ہوا ہو، امت بالکل متحد تھی۔

انہوں نے کہا کہ علماء ان کے بعد سیاست جن کے ہاتھ میں آئی آج تک خونریزی سے ہماری جان نہیں چھوٹی، اس سیاست نے نفرت، فتنہ و فساد، لڑائی کو جنم دیا، جے یو آئی کو اس لیے زیر عتاب لایا جاتا ہے کہ لوگوں کو لڑاتے کیوں نہیں ہو؟ ہم نے سنیت، حنفیت اور دیو بندیت کی شناخت ختم نہیں کی ہم عوام میں جاتے ہیں اور بات کرتے ہیں ہمیں قوم کو جوڑنے اور انسانیت کی بات کرنی ہے مگر لوگوں نے اپنی دکانیں بنائی ہوئی ہیں اور اب دیوبندیت بھی ایک دکان بن گئی ہے کسی بھی فرقے کو گالیاں دو اسٹیج گرمادو بڑی خدمت کرلی یہ طریقہ ہمارے اکابر کا نہیں۔ فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ میں تمام ممبران کو کہا کہ مجھے کسی خاص فرقے کے حوالے سے اشارہ نہ کیا کرو میں پارلیمنٹ میں جو بات کروں گا تمام مکاتب فکر کی نمائندگی ہوگی اور امت مسلمہ کی نمائندگی ہوگی۔