حکومت سندھ بچوں کی صحت سے متعلق انقلابی اقدامات کررہی ہے،بلاول بھٹو

کراچی (صباح نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ بچوں کی صحت سے متعلق انقلابی اقدامات کررہی ہے۔ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ سفر 2010ء میں شروع ہوا تھا، آج تک چلتا آرہا ہے، جس میں چائلڈ لائف کی پوری ٹیم، نرسز، ڈاکٹرز اور جو لوگ یہاں کام کرتے ہیں، اسی کے ساتھ وزارت صحت سمیت تمام نے ملکر سندھ کے ایک بہت بڑے مسئلے بچوں کی شرح اموات کا مقابلہ کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ اب عالمی سطح پر آپ کی محنت اور آپ کی کامیابی کو تسلیم کیا جا رہا ہے، آپ سب کو مبارکباد دینا چاہوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نوزائیدہ بچوں میں شرح اموات اب بھی زیادہ ہیں، اس حوالے سے صوبہ سندھ کو سب سے زیادہ نشانہ بنایا گیا، میڈیا میں بچوں کی شرح اموات ٹکرز اور بریکنگ نیوز کے طور پر چلتی تھی، تھرپارکر سے شروع ہوا، مگر سندھ کے تمام ہسپتالوں سے لائیو فیڈ چلتی تھی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے تفصیل سے دیکھا، تو 15سال قبل صوبہ سندھ میں متعدد اقدامات کیے، اس میں قابل ذکر اقدام چائلڈ لائف فائونڈیشن کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ، سکھر اور خیرپور میں بھی چائلڈ لائف ایمرجنسی سہولت موجود ہے، سندھ سے شروع ہونے والا سفر ملک بھر کے لیے مثال ہے، صوبے پنجاب میں سندھ حکومت نے 2ایمرجنسی روم قائم کیے، کوئٹہ اور گلگت میں بھی سندھ حکومت نے ایمرجنسی روم قائم کیے، کے پی میں بھی جلد چائلڈ لائف ایمرجنسی روم بنائیں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اب نہ صرف شہریوں کو مفت اور معیاری علاج فراہم کررہے ہیں، ہر تحصیل میں پہنچا رہے ہیں، سندھ کی 106 تحصیلوں میں ٹیلی میڈیسن کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے،

سندھ میں بچوں کی شرح اموات میں باقاعدہ بہتری آئی ہے، یونیورسٹی آف کیلی فورنیا نے اپنی رپورٹ میں شرح اموات میں کمی کو تسلیم کیا ہے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیشرفت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی کامیابی کا ثبوت ہے، بچوں کے لیے صحت سہولیات کی 24 گھنٹے دستیابی یقینی بنائیں گے، یہ ہماراصرف ہدف ہی نہیں، سندھ کے مستقبل کے ساتھ وعدہ ہے۔