اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی اور جملہ حریت قیادت نے مودی کی تعریف کرنے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ نے کشمیری قوم کی توہین کی ہے جس پر اس کو قوم سے معافی مانگنی چا ہیے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی اور جملہ حریت قیادت نے گزشتہ روز سرینگر میں زیڈ ٹنل کے افتتاح کے موقعہ پر عمر عبداللہ نے بھارتی وزیراعظم نریندرہ مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جو کچھ کہتا ہے کر گزرتا ہے ۔انکے اس بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگین ہیں ۔جس نے کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا ، ریاست جموں وکشمیر کو ٹکڑوں میں بانٹ کر اسے یونین ٹریٹری بنا دیا اور ریاست کے مسلم تشخص کو ختم کرکے اس کو ایک ہندوتوا ریاست بنانے پر گامزن ہے اس کی تعریف کرکے عمر عبداللہ نے کشمیری قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا کام کرکے کشمیری قوم کی توہین کی ہے۔
حریت قیادت نے کہا کہ عمر عبداللہ کے دادا شیخ عبداللہ کے غلط اقدام سے کشمیری قوم بھارتی ظلم و استبداد کی چکی میں پس رہی ہے انہوں نے مذید کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کو 10 لاکھ بھارتی فورسز نے ایک کھلی جیل میں تبدیل کیا ہے۔جہاں کشمیریوں کے تمام بنیادی انسانی و جمہوری حقوق سلب کر لئے گیے ہیں ۔ ہزاروں ماں کی گودوں کو اجاڑ دیا گیا، لاکھوں کشمیری بھارتی افواج کے ہاتھوں شہادت پاچکے ،سینکڑوں نوجوان ،بچے اور عورتیں بھارتی پیلٹ گنز کا شکار ہو کر اپنی بینائی کھوچکے ہیں ۔ہزاروں کو اپاہج بنا دیا گیا۔ہزاروں کی تعداد میں سالہاسال سے ہمارے حریت قادین ، خواتین اور کارکنان کو پابند سلاسل کر رکھا ھے۔اور اسکے باوجود عمر عبداللہ مودی کے گن گا رہے ہیں۔