میرپور(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ ایک نصب العین کا نام ہے۔یہ دنیا کی وہ واحد تنظیم ہے جس پر کسی شخصیت کی بجائے نظرئیے کی چھاپ ہے۔ختم نبوت کے خلاف سازشیں ہوں یا پھر کمیونزم اور سوشلزم کے فتنے اسلامی جمعیت طلبہ نے ہردور میں ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انہیں سر اٹھانے نہیں دیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں میرپور میں حلقہ احباب اسلامی جمعیت طلبہ میرپور کے زیر اہتمام اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلی حسن بلال ہاشمی،امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد خان ،ناظم اسلامی جمعیت طلبہ آزاد کشمیر راجہ حارث خان، صدر حلقہ احباب میرپور ڈاکٹر ریاض احمد اور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ میرپور بہزاد مشتاق نے بھی خطاب کیا۔نظامت کے فرائض میضان اشتیاق نے سرانجام دیئے۔
امیر العظیم کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کا بیج 1947 میں سید ابوالعلی مودودی نے خود بویا تھا اور اس جیسی مثالی تنظیم دنیا میں کہیں بھی نہیں ہے جو نوجوانوں کے لئے روشنی کا ایک مینارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں کئی تنظیمیں کھڑی ہوئیں مگر چند سالوں میں ہی وہ ختم ہو گئی یہ تنظیم اللہ کی ایک ایسی نعمت ہے جو ہر دور میں تروتازہ رہتی ہے آج بھی کوئی بیٹا اس سے وابستہ ہو جائے تو انسان اس سے بیفکرہوجاتا ہے۔یہ ایس پاکیزہ اور اصلاحی تنظیم ہے جس کے کردار پر دشمن بھی انگلی نہیں اٹھا سکا۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت کے جذبے کے پیچھے کوئی تھنک ٹینک یاسرمایہ نہیں بلک صرف اور صرف ایمان کا سرمایہ ہے۔بنگلہ دیش میں البدر اور الشمس کی صورت میں قوم اور نوجوانوں کو پیغام دیا گیا کہ حکمرانوں فوج اور جرنیلوں پر انحصار کرنے کے بجائے سیلف ڈیفنس کے لیے رضاکارانہ جدوجہد کی جائے ہماری تاریخ میں سقوط ڈھاکہ آخری سقوط تھا اور اسلامی جمعیت طلبہ اورالبدر الشمس جیسی تنظیموں کی قربانیوں اور جدوجہد کی بدولت اسکے بعد ایسا کوئی سانحہ پیش نہیں آیا۔