مظفرآباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاجموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے کہ کشمیرکی آزادی کاواحد راستہ ہمہ گیر جہا د ہے،ہندوستان کے کشمیرپرجبری فوجی قبضے کو مسلح جہاد سے ہی چھوڑایاجاسکتاہے،کشمیریوں کو مزاحمت کا حق اقوام متحدہ کا چارٹر اور سلا متی کونسل کی قراردادیں فراہم کرتی ہیں،کشمیرکی آزادی کے لیے سیاسی سفارتی اور عسکری ہر محاذ پر جدوجہد کرنا ہوگی،مودی چین کو کنڑول کرنے کے لیے مقبوضہ کشمیرسے سرنگیں بنانے کا افتتاح کررہاہے،عالمی اور اسلامی ممالک کشمیریوں کو حق دلانے کے لیے کردار ادا کریں،
ان خیالات کا اظہارانھوں نے اپنے دورہ مظفرآباد کے دوران میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر ایڈمنسٹریٹر برائے رائے شماری کے تقررکا اعلان کریں،حکومت پاکستان ایک نائب وزیر خارجہ کا تقرر کرے جو روزانہ کی بنیاد پر دنیا کو مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والے مظالم اوراس کے نتیجے میں دو آیٹمی طاقتوں کی متوقع جنگ کے خطرے سے آگاہ کریں،جنوبی ایشار میں چارایٹمی طاقتیں موجود ہیں اگر مسئلہ کشمیرحل نہ کیاگیاتو جنگ ہوگی اور پوری دنیا کا امن تباہ ہوجائے گا،اس جنگ کا ذمہ دار مودی ہوگادنیا مودی کو روکے اور کشمیریوں کو حق دلائے ۔انھوں نے خبردار کیاکہ اگر دنیا نے ہماری بات پر توجہ نہ دی تو لاکھوں کشمیری سیز فائر لائن پائوںتلے روند کر اپنے بھائیوں کی مدد کریںگے۔